بنگلورو، 31؍اگست (ایس او نیوز) بنگلورو دیہی ضلع نلمنگل ریلوے اسٹیشن سے سولا پور کے بالے ریلوے اسٹیشن کے درمیان دوڑ نے والی ”رول آن رولر“ (رورو) ریل کے لئے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے ہر ی جھنڈی دکھائی۔
وزیر اعلیٰ کے سرکاری رہائشی دفتر میں وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا نے آن لائن کے ذریعہ رورو ریل کو جھنڈی دکھانے کے بعد کہا کہ مال سے بھرے یا خالی 42ٹرکس اس ”رورو“ ریل میں لادے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مختلف ٹرانسپورٹ ذرائع کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، اسی پر عمل کرتے ہوئے ”رورو“ ریل نظام شروع کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نلمنگل سے سولا پور کے بالے ریلوے اسٹیشن رکھنے والے ٹرک اس ریل گاڑی پر لادے اور اتارے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بنگلورو۔ سولاپور ٹرافک کے دباؤ کو کافی حد تک کم کرنے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی مال کی نقل و حمل تیزی سے ہوسکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اے پی ایم سی یارڈ گودام سے مال بردار ٹرک ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے اور وہاں ان ٹرکوں کو ”رورو“ ریل میں لوڈ کیا جائے گا۔ سولاپور کے بالے پہنچنے کے بعد یہ ٹرک دوبارہ سڑکوں پر اتریں گے اور اپنے مقام پر سفر کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بیک وقت اس ”رورو“ ریل گاڈی میں 1260ٹن وزن کا کوئی بھی مال لے جایا سکتا ہے۔ بنگلورو سے ترکاری، اناج اور دیگر اشیاء کو سولا پور لے جانے اور سولا پور سے کیلا، پیاز اور دیگر اشیاء کو تیزی سے یہاں لانے میں اس ریل سے کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے بتیا کہ اس کے علاوہ نلمنگل سے قریب موجود اے پی ایم سی مارکیٹ، پینیا اور نلمنگل کی کئی صنعتیں اور ٹرانسپورٹ ادارے اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ”رورو“ ریل خدمات کونکن ریلوے میں موجود تھی اب بنگلورو۔ سولا پور کے درمیان شروع ہوئی ہے۔
اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگڈی، ریاستی وزیر برائے محصولات آر اشوک، وزیر برائے آبی وسائل رمیش جارکی ہولی، وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری شنگر گوڑا پائل و دیگر حاضر رہے۔